حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لاہور/ وفاق المدار س الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ انقلاب اسلامی ایران کے بعددشمن کو یقین ہوگیا ہے کہ اہل تشیع کی سب سے بڑی طاقت مرجعیت ہے،جس نے تشیع کو محفوظ رکھا ہوا ہے۔ دوسری بڑی طاقت عزاداری اور تیسری ولایت امیر المومنین ہے جو سب سے مضبوط اور محافظ تشیع ہے۔ان تین طاقتوں کے سبب آج کا شیعہ استعمار کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے ۔اسی وجہ سے استعمار انہیں تین طاقتوں کے خلاف سازشیں بھی کرتا رہتا ہے،تاکہ تشیع کو کمزور کیا جائے۔
جامع مسجد علی حوزہ علمیہ جامعة المنتظر میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں صدی مسلمانوں کی ہے، اسلام تیزی سے پھیلنے والا مذہب ہے،آج مسلمان ترقی کر رہا ہے۔ قرآن اور حدیث سے ثابت ہے کہ آنے والے وقتوں میں برطانیہ اور یورپ میں بھی حکومت مسلمانوں کی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ کربلا دین کی بقا کا نام ہے، کربلا کی یاد حضرت امام محمد باقر علیہ السلام اورامام جعفر صادق علیہ السلام کے دور میں عروج پر تھی۔ آپ شعراءکو مجالس عزا میں دعوت دیتے ، ان سے اشعارسنتے اور ان کو ہدیہ بھی دیتے۔یعنی سب سے پہلے کربلا کے ذکر کو زندہ کرنے کے اسباب انہی دو برگزیدہ شخصیات نے فراہم کئے۔ یہی وجہ ہے کہ آج ذکر کربلا دنیا کے چپے چپے میں ہوتا ہے۔
حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ اجتہاد کی بنیاد بھی امام جعفر صادق علیہ السلام کے دور سے ہوئی، آپ نے اپنے شاگردوں کو قرآن و حدیث سے استنباط سکھایا، آپ کے شاگرد فقہی تھے۔ حضور اکرم نے مسجد نبوی سے جو سلسلہ تعلیم شروع کیا تھاامام جعفر صادق ؑنے اسے یونیورسٹی کی سطح تک پہنچایا ،4 ہزار لوگ امام کے درس میں شریک ہوتے تھے جن میں ہند اور سندھ کے طلبہ بھی تھے۔
انہوں نے کہا کہ بابائے کیمیاجابر بن حیان آج کی سائنس کے باپ شمار ہوتے ہیں، آج کی سائنسی ترقی انہی کے مرہون منت ہے یہ امام جعفر صادق علیہ السلام کے شاگرد تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ 17 ربیع الاول کو پاک پیغمبر اور امام جعفر صادق کی ولادت باسعادت ہوئی ۔ ربیع الاول خوشیوں کا مہینہ ہے، اسی ماہ میں ہجرت مکہ و مدینہ بھی ہوئی، مواخات مدینہ بھی اسی مہینے ہوا۔









آپ کا تبصرہ